امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران میں پرامن مظاہرین پر تشدد کیا گیا یا انہیں ہلاک کیا گیا تو امریکا فوری مداخلت کے لیے تیار ہے۔
رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکا مکمل طور پر تیار ہے اور فوری کارروائی کر سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایرانی حکام مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کریں گے تو امریکا خاموش نہیں رہے گا۔
یہ بیان ایران میں حالیہ شدید احتجاج کے دوران سامنے آیا ہے، جس میں گزشتہ تین برسوں کے دوران سب سے بڑے مظاہرے دیکھے گئے۔ رپورٹس کے مطابق مختلف صوبوں میں مظاہرین اور حکومتی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
احتجاج اتوار کو شروع ہوا، جب دکانداروں نے کرنسی کی قدر میں کمی اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں یہ مظاہرے ملک کے دیگر حصوں اور کئی جامعات کے طلبہ تک پھیل گئے۔
ماہرین کے مطابق ایران کی معیشت برسوں سے دباؤ میں ہے، خاص طور پر 2018 میں امریکا کی جانب سے دوبارہ عائد کی گئی پابندیوں کے بعد صورتحال مزید خراب ہوئی۔ یہ پابندیاں صدر ٹرمپ کے پہلے دور میں ایران کے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے بعد نافذ کی گئی تھیں۔













