امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل پہنچ گئے، جہاں وہ اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔ ان کا طیارہ ایئر فورس ون تل ابیب میں اترا، جہاں وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور دونوں رہنما بعد ازاں پارلیمنٹ روانہ ہوئے۔
صدر ٹرمپ کے خطاب کے دوران ان کا بھرپور خیرمقدم کیا جائے گا اور وہ حال ہی میں حماس کی قید سے رہائی پانے والے اسرائیلی یرغمالیوں کو بھی خوش آمدید کہیں گے۔
اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ کو رواں سال کے آخر میں اسرائیل کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز دیا جائے گا۔
اسرائیل روانگی سے قبل طیارے میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں غزہ کے دورے پر فخر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے وہاں کے عوام کی بحالی ضروری ہے، کیونکہ ہر شخص امن کا خواہاں ہے۔
اسرائیلی دورے کے بعد صدر ٹرمپ مصر جائیں گے، جہاں وہ صدر عبدالفتح السیسی کے ساتھ غزہ امن کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ یہ اجلاس شرم الشیخ میں منعقد ہوگا، جس میں عالمی امن اور مشرقِ وسطیٰ کے استحکام پر بات چیت کی جائے گی۔