مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے صدر سے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران زور دیا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جنگ بندی سے متعلق شرائط قبول کریں۔
برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کے مطابق، صدر ٹرمپ نے اس ملاقات میں یوکرین کے صدر کو متنبہ کیا کہ پیوٹن نے واضح دھمکی دی ہے کہ اگر یوکرین نے روسی شرائط تسلیم نہ کیں تو روس سخت کارروائی کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق، صدر ٹرمپ نے مشورہ دیا کہ یوکرین کو مشرقی علاقے ڈونباس روس کے حوالے کر دینے چاہییں تاکہ ایک پائیدار جنگ بندی ممکن ہو سکے اور خطے میں استحکام قائم ہو۔
فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ بات چیت کے دوران یوکرین کے صدر نے ٹرمپ کو قائل کر لیا کہ جنگ بندی موجودہ محاذی پوزیشن پر ہونی چاہیے، جس پر دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا۔
ملاقات کے اختتام پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ خونریزی ختم کی جائے۔ دونوں فریق خود کو کامیاب سمجھیں اور یہ فیصلہ تاریخ پر چھوڑ دیں کہ اصل فاتح کون تھا۔
واضح رہے کہ یہ ملاقات دو روز قبل وائٹ ہاؤس میں ہوئی، جس میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔