امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے مجوزہ معاہدہ قبول نہ کیا تو آئندہ حملہ پہلے سے کہیں زیادہ شدید ہوگا۔ خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ نے معاہدے سے انکار کی صورت میں سخت نتائج کی دھمکی دی ہے۔
سوشل میڈیا پر بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ایک طاقتور بحری بیڑا ایران کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کی قیادت طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بیڑا مکمل عسکری صلاحیت کے ساتھ کسی بھی مشن کو فوری طور پر انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ ایران جلد مذاکرات پر آمادہ ہوگا اور ایک منصفانہ معاہدے پر بات چیت کرے گا، جس میں جوہری ہتھیاروں کی کوئی گنجائش نہ ہو۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں معاہدہ نہ کرنے کے نتیجے میں “آپریشن مڈنائٹ ہی مر” ہوا تھا، اور خبردار کیا کہ اب بھی سمجھوتا نہ کیا گیا تو آئندہ کارروائی کہیں زیادہ سخت ہوگی۔
واضح رہے کہ امریکا نے 22 جون 2025 کو ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ ایران نے اپنی جوہری صلاحیتوں کو محفوظ قرار دیا تھا۔













