نائیجیریا کی وزارت خارجہ نے شمال مغربی علاقے میں داعش کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی حملوں کی تصدیق کر دی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حملوں میں دہشت گرد اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ نائیجیریا دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مقابلے کے لیے امریکا اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔
نائیجیریا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر کام جاری ہے اور یہ کارروائی ایک مربوط آپریشن کا حصہ تھی جس میں داعش کے عناصر کو نشانہ بنایا گیا۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ شمال مغربی نائیجیریا میں داعش نے مسیحیوں کے خلاف وحشیانہ حملے کیے، جس کے جواب میں امریکی فورسز نے متعدد کامیاب فضائی حملے کیے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے تصدیق کی کہ امریکا نے داعش کے دہشت گردوں کے خلاف طاقتور اور مہلک فضائی کارروائی انجام دی۔













