امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کر رہا ہے اور امریکا بھی بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ ایران کی جانب بڑی عسکری قوت روانہ کی جا رہی ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی فوجی وسائل اور اثاثے مشرقِ وسطیٰ منتقل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا گرین لینڈ کی سلامتی کے معاملے پر نیٹو کے ساتھ قریبی تعاون کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ فریم ورک معاہدے پر پیش رفت کے لیے حالات سازگار ہیں اور اس حوالے سے مثبت پیش رفت متوقع ہے۔
امریکی صدر نے مزید بتایا کہ وہ اپریل میں چین کا دورہ کریں گے، جبکہ سال کے اختتام پر چینی صدر کے امریکا آنے کا امکان ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یوکرینی صدر اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن دونوں کسی معاہدے پر آمادہ دکھائی دیتے ہیں اور اس بارے میں جلد صورتحال واضح ہو جائے گی۔













