امریکہ نے 200 بھارتی شہریوں کو غیر قانونی طور پر مقیم ہونے اور جرائم میں ملوث ہونے کے باعث ملک سے ڈی پورٹ کر دیا ہے، جن میں بدنام زمانہ گینگسٹر انمول بشنوئی بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں انمول بشنوئی، پنجاب کے دو مطلوب فرار ملزمان اور 197 دیگر غیر قانونی طور پر مقیم افراد شامل ہیں۔
انمول بشنوئی، گینگ لیڈر لارنس بشنوئی کا چھوٹا بھائی ہے اور بھارت میں متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس پر سابق بھارتی وزیر بابا صدیق کے قتل اور اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے مقدمات بھی درج ہیں۔
بھارتی خفیہ اداروں کے مطابق انمول نے اپریل 2022 میں جعلی پاسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے بھارت سے فرار حاصل کیا اور چند ہفتے بعد 29 مئی کو معروف گلوکار سدھو موسے والا کا قتل کیا گیا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انمول بشنوئی جعلی روسی دستاویزات کے ذریعے امریکہ اور کینیڈا کے درمیان نقل و حرکت کرتا رہا، جب تک کہ اسے ٹریک کر کے حراست میں نہیں لیا گیا۔
تفتیش کاروں نے الزام لگایا ہے کہ وہ بیرون ملک سے اینکرپٹڈ کمیونی کیشن چینلز کے ذریعے گینگ آپریشنز کی ہدایات جاری کرتا رہا، جس سے اس کے نیٹ ورک کو عالمی سطح پر خطرہ لاحق تھا۔












