امریکہ نے پاکستان سمیت مختلف ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا کے اجرا کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق یہ فیصلہ امریکی عوام کے تحفظ اور اعلیٰ معیار کے قیام کو یقینی بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ 21 جنوری سے پاکستان سمیت دیگر متعدد ممالک کے درخواست دہندگان کے لیے امیگرنٹ ویزا جاری نہیں کیے جائیں گے۔
امیگرنٹ ویزا کی معطلی نئے درخواست گزاروں کی مکمل جانچ پڑتال اور اہلیت کی تصدیق تک جاری رہے گی۔ امریکی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ درخواست گزاروں کو یہ یقین دلانا ہوگا کہ وہ سرکاری امداد پر انحصار نہیں کریں گے۔ یہ پابندی صرف امیگرنٹ ویزا کے اجرا تک محدود ہے اور نان امیگرنٹ ویزا جیسے سیاحتی یا طلبا ویزا پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔
سفارتخانے نے واضح کیا کہ نان امیگرنٹ ویزا کے عمل میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی، اور سیاحتی، تعلیمی ویزا اور ان کے اہلخانہ کے ویزا کی درخواستیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے پہلے ہی پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیس روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔ متاثرہ ممالک میں صومالیہ، روس، ایران، افغانستان، برازیل، تھائی لینڈ، عراق، اردن، قازقستان، کویت، کرغزستان، لبنان، لیبیا، نیپال، کانگو، روانڈا، سوڈان، شام، تنزانیہ اور ازبکستان شامل ہیں۔
خاص طور پر پاکستان، افغانستان، روس اور ایران کے لیے بھی امیگرنٹ ویزا کے اجرا کو معطل کر دیا گیا ہے۔











