چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی وزیر اعلٰی کے دفتر میں ملاقات: ملاقات میں سیاسی صورتحال پرتفصیلی مشاورت کی گئی۔ پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور دیگر قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور آئینی صورتحال کے ٹیکنیکل پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔
اپوزیشن کے غیر آئینی ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلٰی نے اس موقع پر کہا کہ اپوزیشن پارٹی کے پاس اراکین کی تعداد کم ہے وہ صرف افواہیں پھیلا رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑا ہیں اور ان کے ساتھ ہی کھڑے رہیں گے، عمران خان ہی قوم کے حقیقی لیڈر ہیں اور ان جیسے لیڈر دہائیوں میں ملتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا کہ غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے، پنجاب گورنمنٹ عمران خان کی ہی ہے۔
سپیکر سبطین خان نے کہا کہ پارٹی عمران خان کی قیادت میں متحد ہے، متحدہ علماء بورڈ پنجاب ترمیمی بل، پنجاب ایمپاورمنٹ منسٹری آف پرسنز ود ڈس ابلٹیز بل اسمبلی اجلاس میں پیش کیے جائیں گے۔
ملاقات میں سیکرٹری اسمبلی عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔