وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری طور پر کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایات اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
وزیراعظم نے حکم دیا کہ کمیٹی صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کرے گی۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ اور منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے رمضان ریلیف کا حجم ساڑھے سات ارب سے بڑھا کر ساڑھے بارہ ارب روپے کر دیاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی سہولت کے لیے موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز کو بھی فعال کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت معاشرے کے غریب طبقات میں اضافی فنڈز تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے بی آئی ایس پی کے تحت فنڈز کی تقسیم کی مکمل نگرانی کرے گی۔
وزارت تجارت کی سفارش کے جواب میں وفاقی کابینہ نے پیاز اور کیلے کی برآمد پر اگلے ماہ کی 15 تاریخ تک پابندی کی منظوری دے دی۔
اس اقدام کا مقصد رمضان کے بابرکت مہینے کے دوران مارکیٹ میں وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔
مزید برآں، وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر ہالینڈ میں مقیم ڈچ شہری جناب محمد اورنگزیب کی پاکستانی شہریت کی بحالی کی منظوری دی۔
وزارت نارکوٹکس کنٹرول کی تجویز کے مطابق میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز ملٹری کو انسداد منشیات فورس کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم نے کابینہ کے نئے ارکان کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کابینہ کے اجلاس کے دوران حکومت کے وژن اور ترجیحات کا خاکہ بھی پیش کیا۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.