لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی سے ملاقات کی اور آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے لیے بھارت میں ٹیم کی سکیورٹی کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
پی سی بی نے بھارتی میڈیا میں آنے والے سکیورٹی خطرات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حکومت سے بھارت میں کھلاڑیوں کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کی درخواست کی ہے۔ ذکاء اشرف نے سیکرٹری خارجہ کو اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستانی اسکواڈ کی فلاح و بہبود اور حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے سجاد قاضی سے درخواست کی کہ وہ یہ مسئلہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے دفتر کے ذریعے ہندوستان کی وزارت داخلہ کے ساتھ اٹھائیں ۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube & Press Bell Icon.
بھارتی پولیس کو ایک ای میل موصول ہوئی تھی جس میں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں دھماکے کی دھمکی دی گئی تھی۔ ای میل میں، دہشت گرد گروپ نے بھارتی وزیراعظم کو قتل کرنے اور جاری کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دوران نریندر مودی اسٹیڈیم کو اڑانے کی دھمکی دی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو اسی مقام پر کھیلا جانا ہے۔
دریں اثنا، پی سی بی نے بھی انتہائی مایوسی کا اظہار کیا ہے کیونکہ پاکستان کے صحافیوں اور شائقین کو اب بھی ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کے کھیلوں کی کوریج کے لیے ہندوستانی ویزا حاصل کرنے کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ پی سی بی نے 6 اکتوبر کو ایک بیان جاری کیا تھا جس میں ویزوں کے عدم اجراء پر اپنی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ پی سی بی نے ایک بیان میں کہا، پی سی بی کو یہ دیکھ کر مایوسی ہوئی ہے کہ پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کے افتتاحی میچ کی کوریج کے لیے ہندوستانی ویزا حاصل کرنے کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔