امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں قائم سات کمپنیوں پر پابندیاں لگا دی ہیں۔ ان کمپنیوں پر الزام ہے کہ وہ ایران سے تیل کی تجارت میں ملوث ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ ایران تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کو مشرق وسطیٰ کو غیر مستحکم کرنے اور اپنے عوام کے استحصال کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ اسی پالیسی کے تحت امریکی محکمہ خارجہ نے ان کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ امریکا مجموعی طور پر 20 کمپنیوں کو نشانہ بنا رہا ہے جو ایرانی پیٹرولیم، پیٹرولیم مصنوعات یا پیٹرو کیمیکل کے کاروبار میں شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 10 بحری جہازوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جا رہا ہے۔ ان 20 کمپنیوں میں سے 7 کمپنیاں بھارت میں رجسٹرڈ ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف کے ساتھ اضافی جرمانے کا اعلان کیا تھا۔













