امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران واضح کیا کہ اسرائیل قطر میں دوبارہ کوئی فوجی کارروائی نہیں کرے گا۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قطر امریکہ کا قریبی اتحادی ملک ہے، اور موجودہ صورتحال میں ایسے اقدامات سے گریز ضروری ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ حماس کی جانب سے دھمکی دی گئی ہے کہ وہ یرغمالیوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، اس لیے حالات نہایت حساس ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ آج صبح ان کے حکم پر امریکی فورسز نے وینزویلا میں ایک اور فضائی کارروائی کی۔ اس آپریشن میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ان کے مطابق کارروائی اس وقت کی گئی جب یہ دہشت گرد بین الاقوامی پانیوں میں منشیات کی اسمگلنگ کر رہے تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس آپریشن کے دوران امریکی افواج کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا اور کارروائی مکمل طور پر کامیاب رہی۔
امریکی صدر نے داخلی سلامتی کے حوالے سے بھی اقدامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شہروں میں جہاں امن و امان کی صورتحال بگڑ چکی ہے، وہاں مرحلہ وار نیشنل گارڈز کو تعینات کیا جائے گا تاکہ قانون کی عملداری قائم رکھی جا سکے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔