وزیر برائے اقتصادی امور و محکمہ جاتی اصلاحات سینیٹر احد خان چیمہ نے عوامی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو کم لاگت اور پائیدار بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں تعمیراتی شعبے میں بڑے پیمانے پر ضابطہ جاتی، انتظامی اور مالی اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر نے اعلان کیا کہ حکومت جلد ہی عوامی ترقیاتی منصوبوں کے لیے موجودہ ایک سالہ نقائص کی ذمہ داری کی مدت بڑھا کر تین سال کرنے جا رہی ہے، جبکہ اسے مزید بڑھا کر پانچ سال کرنے کے لیے بھی واضح حکمتِ عملی وضع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے کو منصوبوں کی تکمیل کے کچھ ہی عرصے بعد بوسیدہ ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت تعمیراتی صنعت کی ترقی کے لیے ایک جامع پیکیج پر غور کر رہی ہے، جس میں تعمیراتی صنعت کی ترقی کے لیے ایک بورڈ کا قیام، تعمیراتی ترقی کے لیے ایک مخصوص بینک کے قیام کا جائزہ، درآمدات اور برآمدات کی پالیسیوں کو معقول بنانا اور تعمیراتی شعبے کے لیے ہدفی ٹیکس اصلاحات شامل ہیں۔









