وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے جمعرات کو کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام کی بنیاد مضبوط ہو چکی ہے اور اصلاحات محض ارادے سے نکل کر عملی نفاذ کے مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب اپنے معاشی سفر کے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مالیاتی اور بیرونی شعبوں کی بنیاد مضبوط ہونے سے معاشی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ اب معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے، سرمایہ کاری راغب کرنے، برآمدات بڑھانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے پر مرکوز ہوگی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ اہم معاشی اشاریوں میں بہتری اور جاری اصلاحات کے نفاذ نے ملک میں اعتماد کی نئی فضا پیدا کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ملک کی سب سے بڑی طاقت اور سب سے اہم سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں، خواتین، کاروباری افراد، کسانوں، مزدوروں، آزاد پیشہ ور افراد، جدت طرازوں اور کاروباری اداروں کو ہنر اور مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانا مستقبل کی معاشی ترقی کا بنیادی محرک ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا مقصد معاشی استحکام کو ترقی، اصلاحات کو مواقع اور معاشی پیش رفت کو عوام کے بہتر معیارِ زندگی میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ابھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے، لیکن سمت واضح ہے۔‘‘ ان کے مطابق ترقی کے عمل کو برقرار رکھنے کے لیے تسلسل، اجتماعی کوشش اور ملک کی صلاحیت پر اعتماد انتہائی اہم ہوگا۔
محمد اورنگزیب نے ملک کے بانیوں کی بصیرت اور قربانیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور ایک مضبوط، خوشحال اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے پاکستان کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا۔









