صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں ہر شہری کو مساوی، جامع اور معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ شرحِ خواندگی میں اضافے اور ملک میں معیاری نظامِ تعلیم کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ خواندگی کو صرف پڑھنے اور لکھنے کی بنیادی صلاحیت تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ ان کے مطابق لوگوں میں تنقیدی سوچ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی صلاحیت اور عملی مہارتیں پیدا کرنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ علم پر مبنی عالمی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ وفاقی حکومت ملک میں شرحِ خواندگی بڑھانے کے لیے صوبائی حکومتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمتِ عملی پر کام کر رہی ہے۔









