نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے ایک مختصر وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتِ حال پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔
وہ علاقائی کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، انسدادِ دہشت گردی، اسلاموفوبیا اور عالمی معاشی مشکلات سمیت اہم بین الاقوامی چیلنجز پر پاکستان کی ترجیحات بھی پیش کریں گے۔









