لاہور: محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ہفتے کے روز پنجاب بھر میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 158 کارروائیوں کے دوران 23 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ گرفتار افراد میں ایک شخص بھی شامل ہے جسے سی ٹی ڈی نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کا مبینہ کارندہ قرار دیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق مختلف کارروائیوں میں ابتدائی طور پر 160 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ تحقیقات کے بعد 23 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں ساہیوال سے پکڑا گیا را کا مبینہ کارندہ بھی شامل ہے۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ دیگر 22 افراد کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔
یہ کارروائیاں اٹک، ملتان، ساہیوال، جہلم، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، میانوالی، بہاولپور، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، راولپنڈی اور بھکر میں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت 22 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی نے کارروائیوں کے دوران پانچ ہزار 140 کلوگرام دھماکا خیز مواد، سات دیسی ساختہ بم، 26 ڈیٹونیٹرز، حفاظتی فیوز تار، پانچ کالعدم رسائل، چھ موبائل فون اور نقدی برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔









