پاکستان نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ 2026 کے نوبیل امن انعام کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزدگی کی سفارش کرے گا، تاکہ 2025 میں بھارت-پاکستان بحران کے دوران اُن کی فیصلہ کن سفارتی مداخلت اور مؤثر قیادت کو سراہا جا سکے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں حکومتِ پاکستان نے کہا
” کے بھارت-پاکستان بحران کے دوران صدر ٹرمپ کی قیادت اُن کے حقیقت پسندانہ سفارتی رویے اور مؤثر امن پسندی کی روایت کا تسلسل ہے۔”
بیان میں مزید کہا گیا کہ عالمی برادری نے بھارت کی بلا اشتعال اور غیر قانونی جارحیت کو دیکھا، جو کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی تھی۔ اس حملے کے نتیجے میں متعدد بے گناہ شہری شہید ہوئے، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل تھے۔
جوابی کارروائی کے طور پر، پاکستان نے اپنے دفاع کا فطری حق استعمال کرتے ہوئے “آپریشن بنیان مرصوص” کا آغاز کیا—ایک متوازن، درست اور پُرعزم فوجی کارروائی جس کا مقصد دفاعی طاقت بحال کرنا، سرزمین کا تحفظ یقینی بنانا، اور عام شہریوں کو نقصان سے بچانا تھا۔
علاقائی کشیدگی کے عروج پر، صدر ٹرمپ نے حکمتِ عملی پر مبنی بصیرت اور اعلیٰ ریاستی تدبر کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اسلام آباد اور نئی دہلی دونوں کے ساتھ سرگرم سفارتی رابطے قائم رکھے، جس سے نہ صرف صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا گیا بلکہ جنگ بندی کی راہ بھی ہموار ہوئی۔
بیان میں مزید کہا گیا:
“یہ سفارتی مداخلت اُن کے حقیقی امن پسند ہونے کا ثبوت ہے اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل سے اُن کی گہری وابستگی کو ظاہر کرتی ہے۔”
پاکستانی حکومت نے صدر ٹرمپ کی طویل عرصے سے جموں و کشمیر کے مسئلے کے حل میں ثالثی کی پیشکش کو بھی سراہا، اور کہا کہ یہ مسئلہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ حکومت نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو خطے میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
علاوہ ازیں، صدر ٹرمپ نے حالیہ ملاقات کے دوران پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور فیصلہ کن کردار کی تعریف کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، امریکی صدر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کے اقدامات کو سراہا، اور پاکستان کے ساتھ ایک طویل مدتی، باہمی مفادات پر مبنی اسٹریٹجک تجارتی شراکت داری قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔