پاکستان سمیت دنیا کے 16 ممالک نے غزہ کے محصور عوام کے لیے روانہ ہونے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کی سلامتی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس قافلے کے خلاف کسی بھی غیر قانونی یا پرتشدد کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ مشترکہ بیان پاکستان، بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، آئرلینڈ، لیبیا، ملائشیا، مالدیپ، میکسیکو، عمان، قطر، سلووینیا، جنوبی افریقہ، اسپین اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے جاری کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فلوٹیلا کا بنیادی مقصد غزہ کے عوام تک انسانی امداد پہنچانا ہے، لہٰذا اس مشن کے خلاف کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا خلاف ورزی انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی تصور ہوگی۔
وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ فلوٹیلا کے شرکاء یا جہازوں کے خلاف غیر قانونی اقدامات کی صورت میں احتساب لازم ہوگا۔ مزید کہا گیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور بین الاقوامی قوانین کا احترام عالمی برادری کا مشترکہ ہدف ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی انتباہ کیا گیا کہ بین الاقوامی پانیوں میں جہازوں پر حملہ یا عملے کی غیر قانونی حراست کو عالمی قوانین کے خلاف سمجھا جائے گا اور اس پر جوابدہی ہوگی۔