ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ فرعون، نمرود اور رضا شاہ کے انجام کا سامنا ٹرمپ کو بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ غرور اور خود پسندی میں مبتلا بعض افراد خود کو دنیا کے فیصلے کرنے کا اہل سمجھ لیتے ہیں، مگر انہیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ طاقت اور اقتدار کے عروج پر فائز حکمرانوں کا انجام ہمیشہ عبرت انگیز ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ظلم، غرور اور طاقت کے نشے میں ڈوبے حکمران زیادہ دیر تک قائم نہیں رہتے اور آخرکار ان کی حکومتیں زوال پذیر ہو جاتی ہیں۔
دوسری جانب، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل پر ایران میں بدامنی پھیلانے اور داخلی مسائل کو بھڑکانے کا الزام عائد کیا ہے، اور کہا کہ یہ بیرونی مداخلت ایران کی خودمختاری اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔









