ایران نے یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفیروں کو وزارتِ خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج کیا، کیونکہ یورپی یونین نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ نے یورپی یونین کے فیصلے کو غیر منصفانہ اور ناقابلِ قبول قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام اقوامِ متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے اور ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔
یاد رہے کہ یورپی یونین نے حال ہی میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برسلز سے موصولہ اطلاعات کے مطابق یورپی وزرائے خارجہ نے اس فیصلے کی منظوری دی، اور یورپ کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کلاس نے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ یورپ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد قرار دے کر ایک بڑی غلطی کر رہا ہے اور یہ فیصلہ دونوں ممالک کے تعلقات پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔









