علم، ہنر اور رویہ

[post-views]
[post-views]

تحریر: ڈاکٹر محمد کلیم

ہم نے کہیں پڑھا تھا کہ اگر آپ زندگی میں ترقی کرنا چاہتے ہیں تو اپنے تین عدد حصوں پر کام کریں، علم حاصل کریں، ہنر میں مہارت حاصل کریں اور اپنا رویہ مثبت رکھیں، تب ہی جا کر آپ زندگی میں کامیاب ہو سکیں گے۔ لیکن جب ہم اس پر غور کرتے ہیں تو نظر آتا ہے کہ شاید ہمارے ملک میں ایسا نہیں ہے۔ جب ہم نے یہ بات اپنے دوست جام صاحب سے کی تو وہ فرمانے لگے کہ بھائی پاکستان میں بات بالکل درست ہے۔ جب ہم نے ان سے بحث کی اور بتایا کہ ہمارے زیادہ تر ذہین، تربیت شدہ لوگ ہجرت کر کے دوسرے ملک تشریف لے جاتے ہیں جس کو برین ڈرین کہتے ہیں۔

جام صاحب نے جواب دیا کہ ان کو پاکستان کا علم ہی نہیں، یہ لوگ نکمے لوگ ہیں اور نہ ہی ان کے پاس وہ ہنر ہے جس کے ذریعے اس ملک میں ترقی کی جاتی ہے۔ بھائی آپ جن لوگوں کی تعریف میں پل باندھ رہے ہیں وہ صرف کتابی علم اور مشینی مہارت لیے پھرتے ہیں اور اپنے آپ کو توپ سمجھتے ہیں۔ اس رویہ سے کون چل سکتا ہے۔ تو ہم نے فرمایا بھائی پھر تم کون سے علم، ہنر اور رویے کی بات کر رہے ہو تو فرمانے لگے اب آئے نہ تم لائن پر، تو سنو، علم بہت ضروری ہے آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ کون سا کام کس افسر یا سرکاری بندے نے کرنا ہے۔ یہ کامیابی کی بنیادی کنجی ہے یہاں زیادہ تر لوگوں کو معلوم نہیں ہوتا کہ کس بندے نے ان کا کام کرنا ہے۔ اس علم کے بغیر باقی دو مہارتیں بیکار ہیں۔

Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.

جب آپ کو معلوم ہو جائے کہ آپ کا کام کس کے پاس جانا ہے تو آپ کے پاس تعلقات بنانے کا ہنر ہونا چاہیے۔ فوراً اس بندے کی فیس بک آئی ڈی تلاش کریں، انسٹا گرام فالو کریں، نمبر تلاش کریں اور فوراً سے پہلے ان سے تعلق بنائیں، یہ ہنر بہت ضروری۔ جام صاحب نے ہم سے سوال کیا، کیا یہ ہنر ان لوگوں میں ہوتا ہے جو ناکام ہیں۔ پھر خود ہی جواب دیا بالکل نہیں اس لیے تو وہ آگے نہیں بڑھ سکتے۔ رویہ بھی بہت اہم آپ جن لوگوں کی بات کر رہے ہیں، ان کا رویہ ہی نہیں کامیابی والا وہ ”عزت دو اور عزت لو“ مانگتے ہیں حالانکہ اصل رویہ ”جی حضوری“ میں ہے جو آپ سے آگے ہے، اس کی مکمل جی حضوری اس کی ہاں میں ہاں ملانا اور جو آپ سے پیچھے ہے اس پر مکمل سرداری کرنا۔

جام صاحب نے جوش خطابت میں کہا میں آپ سے شرط لگاتا ہوں کہ آپ کامیاب لوگوں کی فہرست پر نظر ڈالیں آپ کو یہ تمام خوبیاں بدرجہ اتم موجود پائیں گے۔ یہاں ترقی کے لیے علم، ہنر اور رویہ ہی چاہیے بس ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ کو صحیح علم، ہنر اور رویہ کا معلوم ہونا چاہیے۔ ہم ان کی بات سن کر دنگ رہ گئے اور سوچتے رہ گئے، یہ جام صاحب کیا فرما گئے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos