وصی شاہ 21 جنوری 1973 کو سرگودھا میں پیدا ہوئے۔ وصی شاہ ممتاز کالم نویس، ڈرامہ نویس اور ٹیلی وژن میں میزبان کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔
وصی شاہ کی شخصیت میں گہرائی اور صبر کا عنصر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے اور وہ ایک ایسی شخصیت ہیں جو محبت کرتے ہیں۔ جدید دور میں، جب بہت سارے ٹی وی چینلز موجود ہیں، اور کتاب کے ساتھ ان کا رابطہ کم نظر آتا ہے، اس زمانے میں شاعری کو پروان چڑھانا اردو ادب کے فروغ کی بہترین خدمت ہے۔
آنکھوں سے مری اس لیے لالی نہیں جاتی
یادوں سے کوئی رات جو خالی نہیں جاتی
اب عمر نہ موسم نہ وہ رستے کہ وہ پلٹے
اس دل کی مگر خام خیالی نہیں جاتی
مانگے تو اگر جان بھی ہنس کے تجھے دے دیں
تیری تو کوئی بات بھی ٹالی نہیں جاتی
آئے کوئی آ کر یہ ترے درد سنبھالے
ہم سے تو یہ جاگیر سنبھالی نہیں جاتی
معلوم ہمیں بھی ہیں بہت سے ترے قصے
پر بات تری ہم سے اچھالی نہیں جاتی
ہم راہ ترے پھول کھلاتی تھی جو دل میں
اب شام وہی درد سے خالی نہیں جاتی
ہم جان سے جائیں گے تبھی بات بنے گی
تم سے تو کوئی راہ نکالی نہیں جاتی