بچوں کا عا لمی دن ہر سال 20 نومبر کو دنیا بھر میں بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے منایا جاتا ہے۔ رواں سال عالمی یوم اطفال 2022کا بہت موزوں موضوع ”ہر بچے کے لئے شمولیت “ منتخب کیا گیا ہے۔ ”موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور دماغی صحت سے لے کر نسل پرستی اور امتیازی سلوک کے خاتمہ کے حوالہ سے بچے اور نوجوان ان مسائل پر آواز بلند کر رہے ہیں۔
آج کے دن پاکستان بھی پوری دنیا کی طرح بچوں کے حقوق کی وکالت، فروغ اور ان کے حقوق کے تحفظ کا عہد کرتا ہے۔ پاکستان بچوں کے حقوق کے حوالہ سے مکالمہ اور اقدامات سے بچوں کے لئے ایک بہتر دنیا کی تعمیر کرے گا۔ حکومت پاکستان زندگی کے ہر شعبہ میں اپنے بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے بچانے، پسماندگی کے خاتمہ اور ان کی بہتر تعلیم اور صحت، صاف ستھرے اور سر سبز ماحول، بچوں کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کرنے اور بہترین ماحول فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پر عزم ہے۔
آج کے ہم دن ہم تقریباً 25 ملین سکول نہ جانے والے بچوں اور گلیوں کے بچوں کو سکول سسٹم میں لانے، اپنے بچوں کو پولیو اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کےقطرے پلانے اور متوازن غذائیت سے بھر پور خوارک اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کا عہد کرتے ہیں۔
آج کے دن کی مناسبت سے میں حکومت ، مراعات یافتہ افراد، این جی اوز اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ پاکستان میں حالیہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آنے والے سپر فلڈ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے بچوں کی ایک بڑی تعداد کی ضروریات پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں تعلیم ، غذائیت اور خوارک فراہم کریں۔ ان کے لئے پناہ گاہوں کی فراہمی ، بیماری اور بھوک سے ان کی حفاظت کریں۔