ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی فوجی کارروائیاں صرف خطے تک محدود مسئلہ نہیں رہیں بلکہ اب عالمی امن و استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہیں۔
ترک پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام اور لبنان میں جاری اسرائیلی حملوں کے اثرات ترکیہ سمیت پورے خطے کی سلامتی پر پڑ سکتے ہیں، جس کے باعث علاقائی کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
صدر اردوان کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل کی پالیسیوں اور عسکری اقدامات کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے نتائج صرف مشرقِ وسطیٰ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اسرائیلی حملوں کا سلسلہ روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے عالمی برادری کو انسانی ہمدردی، انصاف اور امن کے اصولوں کی بنیاد پر متحد ہو کر کردار ادا کرنا چاہیے۔
ترک صدر نے کہا کہ ماضی کی تباہ کن غلطیوں کو دہرانے سے بچنا ہوگا اور عالمی برادری کو ایسے اقدامات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر کوششیں کرنی چاہییں۔








