ہندوستان کی خلائی ایجنسی نے ایک بار پھر 14 جولائی 2023ء کو چاند کے لیے خلائی مشن ’چندریان سوم‘ روانہ کر دیا ہے۔ اس منصوبے کی لاگت 75 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔ واضح رہے اس سے پہلے ہندوستان کے خلائی مشن کام یاب نہیں ہو سکے۔اگر یہ خلائی مشن کامیابی سے چاند تک پہنچ جاتا ہے، تو روس، امریکا اور چین کے بعد ہندوستان دنیا کا چوتھا ایسا ملک بن جائے گا، جسے یہ اعزاز حاصل ہوگا۔ امریکی تحقیقی ادارے ’ناسا‘ کے مطابق 1958ء سے اب تک دنیا کے کُل چھے ممالک کے 70 کے قریب کامیاب اور جزوی کامیاب مشن چاند کے لیے روانہ کیے گئے ہیں۔1970ء کی دہائی تک سابقہ سوویت یونین اور امریکا ہی اس میدان میں موجود تھے۔ اس دوران دونوں نے 90 کے قریب مشن بھیجے، جس میں چالیس ناکامی سے دوچار ہوئے۔ 1980ء کی دہائی میں کوئی مشن نہیں بھیجا جا سکا۔پھر 1990ء میں جاپان نے اس خلائی دوڑ میں شمولیت اختیار کی، جس کے بعد چین، یورپ اور ہندوستان نے بھی اس کے لیے کوششیں کیں۔2019ء میں ہندوستان کا خلائی مشن ’چندریان دوم‘ ناکامی سے دوچار ہو گیا تھا۔ اب ہندوستان کی یہ تیسری کاوش کامیاب ہوتی ہے یا نہیں اس کے لیے آنے والے کچھ دنوں کا انتظار کرنا ہوگا۔
