تحریر: ڈاکٹر محمد کلیم
کامیابی ایک ایسی راہ ہے جس پر ہر کوئی چلنا چاہتا لیکن یہ بال کی طرح باریک ہے کہ ذرا سا قدم غلط رکھا اور آپ منہ کے بل آ گریں گے۔ صدیوں کی تحقیق نے انسان کو چند اصول وضع کر کے دیے ہیں جن پر عمل کر کے وہ کامیابی حاصل کر سکتا ہے:۔
ہر اچھے کام کا کریڈٹ خود لیں اور دوسرے کو مکھن سے بال کی طرح باہر پھینک دیں اگر کوئی کام آپ سے غلط ہو گیا ہے تو فوراً الزام دوسروں پر لگا دیں اور شور مچا مچا کر اس کا دعویٰ کریں انسانوں کی ایک کمزوری ہے کہ وہ بار بار سنیں اس کو سچ مان لیتے ہیں چاہے وہ غلط ہی کیوں نہ ہو۔
کامیابی کا دوسرا اصول یہ ہے کہ کہ آپ کو آنکھیں ماتھے پر رکھنی آتی ہوں جب تک آپ کو کسی سے کام پڑتا رہے اس کی جی حضوری کرتے رہیں اور جیسے ہی آپ کا کام نکل جائے فوراً آنکھیں ماتھے پر رکھ لیں تاکہ وہ آپ سے جواباً کوئی کام کا تقاضا نہ کر دے اس کو پہچاننے سے انکار کردیں اور صاف کہیں تم کون ہم کون۔
کامیابی کا اگلا اصول یہ ہے کہ آپ کو گرگٹ کی طرح رنگ بدلنا آنا چاہیے اگر آپ کے سامنے طاقتور انسان ہو تو بھیگی بلی بن جائے اور اگر کمزور آئے تو خونخوار شیر آخر بلی شیر کی خالہ ہے۔
کوئی کام خود نہ کریں لیکن جب کوئی سامنے ہو تو جلدی جلدی کام کرتے دکھائی دیں تاکہ لوگ آپ کو ہارڈ ورکر مانیں اور آپ کے کام کی تعریف کریں اس اصول کا ہرگز مقصد یہ نہیں کہ آپ کام کرنے کھڑے ہو جائیں بس دکھاوا کریں۔
تعریف ایک ایسی بلا ہے جو پتھر تک کو پگھلا دیتی ہے آپ کو تعریف کرنے کا ماہر ہونا چاہیے خاص طور پر جھوٹی تعریف کیونکہ یہ ایک ایسی کنجی ہے جو مضبوط سے مضبوط تالے کو ایک جھٹکے سے کھولنے کی طاقت رکھتی ہے۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
خوف ایسی قوت ہے جو کہ انسان کے بڑے بڑے کام کرا دیتا ہے اگر آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو لوگوں کو اپنے آپ سے خوفزدہ بنائیں تاکہ کسی کی جرات نہ ہو کہ وہ آپ کے سامنے سوال کر سکے اس طرح آپ اپنے تمام غلط کام کر جائیں اور لوگ آپ سے ڈرتے رہیں گے۔
حسد کریں تاکہ آپ دوسروں سے آگے نکل سکیں لیکن حسد کو حسد مت کہیں بلکہ کہیں میں انسپائر ہوا ہوں حالانکہ دل میں حسد کی آگ خوب جلنے دیں تا کہ اس مقابلے کی دنیا میں کوئی بھی آپ سے آگے نہ بڑھ سکے۔
ہر شے کو کرتے ہوئے تنگ نظری کا استعمال کریں گے دنیا میں ہر کوئی آپ کا دشمن ہے دنیا میں وسائل کم لوگ زیادہ ہیں آپ کو جتنی جلدی یہ بات سمجھ آ جائے اتنا اچھا ہے۔
کوئی کام پورا نہ کریں بلکہ ایک کام چھوڑیں دوسرا پکڑیں ایسا نہ ہو آپ کا مقابل اچھا کام آپ سے لے جائے اور زیادہ پیسے کما لے اس لئے جس پر ہاتھ پڑے فوراً اس پر قبضہ کرلیں۔
اپنے دل کی بات کسی کو نہ بتائیں ایسا نہ ہو کہ لوگ آپ کے دل کی بات جان جائیں اور آپ سے پہلے وہاں پہنچ جائیں یا آپ کے دشمن تک ساری باتیں پہنچا دیں ویسے بھی اس زمانے میں کسی کو دل کی بات بتانا اپنے پیٹ میں خود چھرا گھونپنے کے مترادف ہے۔
یہ جو ہم نے اوپر بیان کیے ہیں آج کے دور میں کامیابی کی دلیل ہیں اگر آپ کسی بھی کامیاب شخص کی زندگی پر غور کریں گے یہی رہنما اصول پائیں گے۔