لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک کسی ایسے معاہدے کو قبول نہیں کرے گا جس میں اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا شامل نہ ہو۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے جنوبی لبنان میں اسرائیل کی جانب سے بفر زون برقرار رکھنے کی کسی بھی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے انتظامات ناقابل قبول ہیں، کیونکہ ان کی موجودگی میں بے گھر شہری اپنے گھروں اور آبائی علاقوں میں واپس نہیں جا سکتے۔
نواف سلام کا کہنا تھا کہ لبنان ایسی صورتحال کے ساتھ نہیں رہ سکتا جہاں اس کے شہری اپنے ہی علاقوں سے محروم رہیں۔ انہوں نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ اپنی شرائط میں نرمی لائے اور مقبوضہ علاقوں سے پیچھے ہٹے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ لبنان نے داخلی سطح پر اہم اور جرات مندانہ فیصلے کیے ہیں، جن میں غیر ریاستی ہتھیاروں کے خاتمے، حزب اللہ کی عسکری سرگرمیوں پر پابندی اور ریاستی اختیار کو مضبوط بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔ ان کے مطابق ایک مستحکم ریاست کے لیے ضروری ہے کہ طاقت اور اسلحہ صرف ریاست کے پاس ہو۔









