امریکی جریدے نیوز ویک کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ سروے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے حوالے سے امریکی رائے عامہ میں واضح تقسیم پائی جاتی ہے۔ سروے میں 55 فیصد امریکی شہریوں نے مواخذے کی حمایت جبکہ 37 فیصد نے اس کی مخالفت کی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کسی سیاسی جماعت سے غیر وابستہ شہریوں میں سے 50 فیصد نے مواخذے کے حق میں رائے دی، جو اس معاملے پر معتدل رائے رکھنے والے طبقے کی تقسیم کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کے برعکس ریپبلکن پارٹی کے صرف 21 فیصد افراد نے مواخذے کی حمایت کی جبکہ 72 فیصد نے اس کی مخالفت کی۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک پارٹی کے ووٹرز میں مواخذے کی حمایت نمایاں طور پر زیادہ رہی، جہاں 88 فیصد افراد نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کے حق میں رائے دی۔
تاہم جریدے کے مطابق عوامی حمایت کے باوجود صدر ٹرمپ کے مواخذے کے عملی امکانات کم دکھائی دیتے ہیں، جس کی بنیادی وجہ ایوانِ نمائندگان میں ریپبلکن پارٹی کی اکثریت اور سیاسی توازن کو قرار دیا جا رہا ہے۔









