گورنر ہاؤس پنجاب کے سامنے پی ٹی آئی نے احتجاج کیا اور سابق وزیراعظم عمران خان نے مظاہرین سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ 70 سال میں قوم کو اس طرح اندھیرے میں جاتے نہیں دیکھا، ہماراملک دلدل میں پھنسا جا رہا ہے، ہماری دو صوبوں میں حکومت ہے، 66فیصد حصےمیں ہماری حکومت ہے، اس کے باوجود الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں کیوں کہ ملک میں جلدی الیکشن نہ کرائے گئے تو ملک سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔
Read More: https://republicpolicy.com/protest-fatigue-of-pti-workers-and-the-future-of-imran-khan/
عمران خان نے کہا کہ ہماری جوحکومت گرائی گئی اس دور میں سب سے زیادہ گروتھ ریٹ تھا، اس حکومت کو ایک آدمی نےگرایا، میں سب اداروں سےبات کر رہا ہوں، عدلیہ سے بات کر رہا ہوں، یہ سب کی جنگ ہے سوائے ان لوگوں کے جن کے پیسے باہر پڑے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ایک آدمی نے دشمنی کی ہے، قوم ایک ہی پیغام دے رہی تھی کہ چوروں کے ٹولے کو قبول نہیں کررہے، 70 فیصدپاکستانی کہتے ہیں مسائل کا حل صاف شفاف الیکشن ہیں، ایک آدمی فیصلہ کر بیٹھا تھا کہ اس پارٹی کو ختم کرنا ہے، ایک آدمی فیصلہ کر بیٹھا تھا کہ عمران خان کو ختم کرنا ہے، نااہل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے باوجود ضمنی الیکشن ہم جیت رہے تھے، پھر فیصلہ کیا گیا کہ مجھے مار کر ہٹایا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں ہٹاکر چوروں کو بٹھادیا گیا جس کے بعد ہمیں برابھلا کہنے والے بھی چوروں کو دیکھ کر ہمارے ساتھ کھڑے ہوگئے۔ ہم سے ایسےدشمنی کی گئی جیسےہم غدار ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک میں ٹیکس کلیکشن کم ہوتی جارہی ہے، کورونا کے باوجود انڈسٹری اوپر آرہی تھی، ٹیکسٹائل انڈسٹری کی وجہ سے ایکسپورٹ بڑھی، آج فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، مزدور بے روزگار ہورہے ہیں، ڈالر کم آرہے ہیں، قرضے بڑھتے جارہے ہیں، خوف ہے کہ قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کیلئے ڈالر نہیں، کسی طبقے کو روشنی نظر نہیں آرہی، امید ختم ہوگئی ہے، ساڑھے 7 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔