صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چینی سفیر نونگ رونگ کی ملاقات:صدر مملکت نے چینی سفیر سے ملاقات میں کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدای (سی پیک) ایک تزویراتی منصوبہ ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان ، چین، علاقائی اور دنیا کے دیگر ممالک کے لیے اقتصادی، مالیاتی، ترسیل اور رابطہ سازی میں اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔
Read More: https://republicpolicy.com/china-to-work-with-pakistan-on-development/
اُن کا کہناتھا کہ دوسرے ممالک کو سی پیک میں شراکت اور اس سے فائدہ اٹھانے کا خیرمقدم کریں گے، سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کا مکمل فعال ہونا ایک اہم سنگ میل ہے، چینی آئی ٹی سیکٹر خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرے۔ صدر مملکت
صدر مملکت نے چین اور گوادر کے درمیان سڑک کے رابطوں کو پورا سال تمام موسمی حالات میں مکمل طور پر فعال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے چینی کارکنوں اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چینی قیادت کی جانب سے لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالنے اور نچلی سطح پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے سیکھ رہا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہناتھا کہ چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں سے اقتصادی، مالیاتی، مواصلات، تجارت اور سرمایہ کاری میں دوستی اور تعاون مزید مضبوط ہوا، موجودہ بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں چین نے خطے میں بہت اہمیت اختیار کر لی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کےلیے چین کا قریبی ساتھی ہے، دونوں ممالک کو دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کےلیے مقامی کرنسی کے استعمال کےآپشنز تلاش کرنے چاہئیں۔ صدر مملکت نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے لاکھوں متاثرین کی تکالیف کم کرنے کیلئے چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی مدد اور ہمدردی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
چینی سفیر نے صدرمملکت کوچینی صدرشی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کھاچیانگ کی جانب سے نیک تمنائیں پیش کیں۔چینی سفیر نے کہا کہ چینی حکومت سی پیک کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔