اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا استعفوں کے سلسلے میں رابطہ ۔ ترجمان قومی اسمبلی نے اس امر کی تصدیق کی کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے اسپیکر سے با ضابطہ طور پر رابطہ کیا گیا ہے جس میں ملاقات کی استدعا کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: https://republicpolicy.com/qoumi-assembly-k-speaker-ny-pti-k-arakeen-assembly-ko/
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی جو اس وقت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے سلسلے میں گڑھی خدا بخش میں موجود ہیں سے ٹیلی فون پر پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں سابق چیف ویب ملک عامر ڈوگر نے رابطہ کیا۔
اُنہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو باور کرایا کہ پی ٹی آئی کا ایک وفد جو ان سمیت شاہ محمود قریشی ، پرویز خٹک اور چند دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں پر مشتمل ہو گا اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرناچاہتا ہے تاکہ پی ٹی آئی ممبران کے استعفوں پر بات کی جا سکے ۔
پی ٹی آئی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ اگر چہ پہلے جماعت کا فیصلہ تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام 124ممبران اکھٹے اسپیکر کے سامنے پیش ہوں گے لیکن بعد ازاں ایک نمائندہ وفد بھیجنے پر اتفاق ہوا ۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے رابطہ کرنے کا خیر مقدم کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاتے اور سیاست دانوں میں رابطے رہنے چاہیں۔
مزید پڑھیں: https://republicpolicy.com/akran-e-qoumi-assembly-k-istafoun-ki-tasdeeq-k-liye/
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ استعفوں کی تصدیق کے معاملے میں آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے ضوابط میں واضح طریقہ کار موجود ہے اور اس سلسلے میں اسپیکر نےنہ صرف شاہ محمود قریشی بلکہ تمام پی ٹی آئی ممبران کو تفصیلی خطوط ارسال کر دیے ہیں۔
اسپیکر نےکہا کہ استعفوں کے بارے میں فیصلہ اسی دائر کار میں رہتے ہوئے سختی سے کیا جائے گا۔قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سابق چیف ویب ملک عامر ڈوگر نے اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور یہ طے پایا کہ اسپیکر کی گڑھی خدا بخش سے واپسی پر پی ٹی آئی کے وفد سے ملاقات ہوگی۔