غزہ سٹی: غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق، جمعے کے روز اسرائیلی فضائی اور زمینی حملوں میں شمالی اور جنوبی غزہ میں کم از کم 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایجنسی کے عہدیدار محمد المغیر نے بتایا کہ جنوبی شہر خان یونس کے نواح میں دو مختلف حملوں میں 10 افراد شہید ہوئے، جن میں ایک حملہ ایک گھر پر اور دوسرا بے گھر افراد کے خیموں پر کیا گیا۔
غزہ کے شمالی علاقے جبالیہ النزلہ میں بھی ایک فضائی حملے میں مزید چار افراد جاں بحق ہوئے۔
غزہ میں میڈیا پر پابندیاں اور متعدد علاقوں تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے جب اسرائیلی فوج سے رابطہ کیا تو انہوں نے تحقیقات کے لیے درست مقامات کی تفصیلات مانگیں لیکن تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔
یہ حملے اس واقعے کے بعد سامنے آئے ہیں جب جمعرات کو اسرائیل نے غزہ کے واحد کیتھولک چرچ کو ’’غلطی سے‘‘ نشانہ بنانے کا اعتراف کیا تھا، جس میں تین افراد جاں بحق ہوئے اور عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی۔
اس سے قبل بدھ کو جنوبی غزہ میں ایک امدادی مرکز پر ہجوم کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 20 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
درایں اثناء، اسرائیل اور حماس کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں 6 جولائی سے بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں، جن کا مقصد 60 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کرنا ہے۔
یہ جنگ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے بعد شروع ہوئی تھی جس میں 1,219 اسرائیلی شہری ہلاک ہوئے۔ اس کے جواب میں اسرائیل کے فوجی آپریشنز سے اب تک غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 58,667 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔