متحدہ عرب امارات نے اوپیک اور اوپیک پلس سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ ابوظبی سے جاری امارات نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ یکم مئی 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔
اماراتی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد تیل کی فروخت اور قیمتوں کے تعین کی پالیسی میں زیادہ خودمختاری حاصل کرنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے عالمی تیل مارکیٹ پر اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک 1960 میں قائم کی گئی تھی، جس میں سعودی عرب، ایران، عراق اور کویت سمیت اہم تیل برآمد کرنے والے ممالک شامل ہیں، جبکہ اوپیک پلس میں روس اور دیگر اتحادی ممالک بھی شامل ہیں۔
اوپیک اور اوپیک پلس کا بنیادی مقصد عالمی تیل منڈی کو مستحکم رکھنا اور رکن ممالک کے معاشی مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔








