امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ان کے کردار اور خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر نے پاکستان کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر “بہترین شخصیات” ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کا بھی خطے میں استحکام کے لیے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ اہم آبی گزرگاہ اب تجارتی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر کھلی ہے، تاہم جب تک ایران کے ساتھ مکمل معاہدہ طے نہیں پاتا، بحری پابندیاں برقرار رہیں گی۔
انہوں نے نیٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اتحاد کی پیشکش غیر ضروری ہے اور بعض مواقع پر اس کا کردار مؤثر نہیں رہا۔
ٹرمپ کے مطابق ایران نے سمندری بارودی سرنگوں کے خاتمے میں تعاون کیا ہے یا کر رہا ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی میں کمی کے بعد صورتحال قدرے بہتر ہوئی ہے۔









