ورزش ہر ایک کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے مگر اس کے کرنے کا بہترین وقت کونسا ہوتا ہے؟
تو اس کا جواب ہے کہ دوپہر کا وقت ایسا ہے جب ورزش کرنے والے افراد کا امراض قلب سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
جرنل نیچر کمیونی کیشن میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ صبح 11 بجے سے پہلے یا شام 5 بجے کے بعد ورزش کرنے والوں کے مقابلے میں دوپہر میں ورزش کرنے والے افراد کا امراض قلب سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق دن میں کسی بھی وقت معتدل یا سخت ورزش جیسے تیز چہل قدمی سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے اور دل کی شریانوں کے امراض سے موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
اس تحقیق کے لیے یوکے بائیو بینک سے 92 ہزار سے زیادہ افراد کا طبی ڈیٹا حاصل کیا گیا تھا۔
اس ڈیٹا کی بنیاد پر لوگوں کو ورزش کرنے کے اوقات کے مطابق گروپس میں تقسیم کیا اور ان کی 7 دن کی جسمانی سرگرمیوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ صبح 11 بجے سے شام 5 بجے کا وقت ورزش سے حاصل ہونے والے فوائد کے لیے بہترین ہے، خاص طور پر مردوں اور معمر افراد کے لیے۔
محققین نے بتایا کہ دوپہر میں ورزش کرنے والے افراد کا امراض قلب سمیت کسی بھی وجہ سے جلد موت کا خطرہ دیگر اوقات میں ورزش کرنے والوں سے کم ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دن کا وہ وقت ہوتا ہے جب لوگوں میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ سب سے کم ہوتا ہے۔
اس سے قبل نومبر 2022 میں نیدرلینڈز کے لائیڈن یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں تو دوپہر یا شام کو ورزش کرنا بہترین ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دوپہر سے آدھی رات کے درمیان کسی وقت بھی ورزش کرنا انسولین کی مزاحمت کا خطرہ 25 فیصد تک کم کرتا ہے۔
انسولین کی مزاحمت اس وقت ہوتی ہے جب مسلز، چربی اور جگر کے خلیات کو انسولین کے حوالے سے ردعمل میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے جس کے باعث خون میں گلوکوز کی سطح بڑھ جاتی ہے۔
اگر خون میں گلوکوز کی مقدار کو کنٹرول میں نہ رکھا جائے تو وقت گزرنے کے ساتھ ذیابیطس کا سامنا ہوتا ہے۔
فروری 2023 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ جسمانی وزن میں کمی یا اضافی چربی کو گھلانا چاہتے ہیں تو صبح کے وقت ورزش کرنا عادت بنالیں۔
سوئیڈن کے کیرولینسکا انسٹیٹیوٹ اور ڈنمارک کی کوپن ہیگن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ صبح کے وقت ورزش کرنے سے میٹابولزم زیادہ متحرک ہوتا ہے جس سے چربی گھلانے میں مدد ملتی ہے۔
تحقیق میں چوہوں پر تجربات کے دوران دریافت کیا گیا کہ دوپہر یا شام کے مقابلے میں صبح ورزش کرنے سے پیٹ اور کمر کے اردگرد کی اضافی چربی کو گھلانے میں مدد ملتی ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ غذا جو بھی ہو مگر صبح ورزش کرنے سے جسمانی وزن میں کمی آنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ دن کے مختلف اوقات میں جسمانی سرگرمیوں سے جسم پر مختلف اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ ہماری جسمانی گھڑی اس حوالے سے اثرات مرتب کرتی ہے۔
محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ چربی گھلانے اور میٹابولزم کو بہتر بنانے کے لیے شام کے مقابلے میں صبح ورزش کرنا بہتر ہوتا ہے۔