یمن میں امریکی فوج کی جانب سے کی جانے والی فضائی کارروائی میں ایک حراستی مرکز پر بمباری کے نتیجے میں 68 افراد جاں بحق اور 47 شدید زخمی ہو گئے۔
حوثی میڈیا کے مطابق بمباری کا نشانہ بننے والا حراستی مرکز افریقی مہاجرین سے بھرا ہوا تھا، جو یمن کے راستے خلیجی ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملے کے بعد جائے وقوعہ پر تباہی کا منظر تھا، جب کہ امدادی ٹیموں کو متاثرین تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
حوثی حکام نے اس واقعے کو جنگی جرم قرار دیا ہے اور اقوام متحدہ سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، واقعہ ملک کے شمالی حصے میں پیش آیا، جو حوثی کنٹرول میں ہے۔
تاحال امریکی فوج یا اتحادی افواج کی جانب سے اس حملے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔