مسیحی دنیا کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی آخری رسومات آج ویٹی کن سٹی میں ادا کی جائیں گی، جس میں دنیا بھر سے اعلیٰ شخصیات اور بین المذاہب وفود کی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ بھی پوپ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے روم پہنچ گئے ہیں، جبکہ برطانیہ کے وزیراعظم، فرانس کے صدراوردیگرعالمی رہنما بھی ویٹی کن پہنچ چکے ہیں۔
اس تاریخی موقع پر اقوامِ متحدہ کے نمائندے، یورپی یونین کےعہدیدار، مذہبی رہنما اوردنیا کے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے نمائندے بھی شریک ہونگے، تقریب کوعالمی میڈیا براہِ راست نشر کررہا ہے۔
پوپ فرانسس نے اپنی زندگی میں عالمی امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور غریبوں کی فلاح کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ تقریب ایک عالمی خراجِ تحسین کی صورت اختیار کرچکی ہے۔
سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ویٹی کن کو انتہائی حساس زون قرار دے دیا گیا ہے۔