غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان کی دوسری کھیپ آج اسلام آباد سے خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ کی گئی۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، جو اس موقع پر موجود تھے، نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کی دوسری کھیپ بھیج رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوے ٹن انسانی امداد میں راشن بیگ، ادویات اور حفظان صحت کی کٹس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی طرف سے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ محبت اور یکجہتی کی علامت ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اسرائیلی افواج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام پر غمزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کا مطالبہ ہے کہ فلسطین کی ایک آزاد ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
جلیل عباس جیلانی نے فلسطینیوں کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی جاری رکھیں گے۔
وزیر خارجہ نے اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے انصاف اور انسانیت کے اصولوں کو برقرار رکھنے اور غزہ کے لوگوں کو انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے پر زور دیا۔
اس موقع پر اپنے تاثرات میں نگراں وزیر برائے انسانی حقوق جارج خلیل نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو غزہ میں تشدد کے خاتمے کے لیے آگے آنا چاہیے۔