اگر آپ آئندہ ہفتے سورج غروب ہونے کے بعد آسمان کو دیکھیں گے تو 5 سیاروں کا نظارہ ممکن ہوگا۔
آئندہ ہفتے25 سے 28 مارچ تک آسمان پر عطارد، زہرہ، مریخ، مشتری اور یورینس کو چاند کے ساتھ دیکھنا ممکن ہوگا۔
البتہ 29 اور 30 مارچ کو مشتری کے علاوہ باقی سیاروں کو آپ دیکھ سکیں گے۔
یہ واضح رہے کہ یہ سیارے ایک لائن میں نہیں ہوں گے بلکہ کمان جیسے اسٹرکچر میں نظر آئیں گے۔
ان سیاروں میں سے زہرہ کو صرف آنکھ سے دیکھنا سب سے زیادہ آسان ہو گا کیونکہ یہ سورج اور چاند کے بعد آسمان پر سب سے زیادہ جگمگانے والا سیارہ ہے۔
مگر دیگر سیارے جیسے یورینس اور مشتری کو دیکھنا مشکل ہوگا، خاص طور پر شہری روشنیوں میں۔
ان سیاروں کو دیکھنے کا بہترین دن 28 مارچ ہے اور اگر دوربین ہو تو زیادہ بہتر نظارہ کرنا ممکن ہوگا۔
عطارد اور مشتری سورج غروب ہونے کے فوری بعد نظر آئیں گے اور اس کے لیے آسمان کا صاف ہونا ضروری ہوگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عطارد کے مقابلے میں مشتری زیادہ روشن نظر آئے گا۔
یورینس کو صرف آنکھ سے دیکھنا سب سے زیادہ مشکل ہوگا اور اس کے بہتر نظارے کے لیے دوربین کی مدد لینا ضروری ہوگی۔
یورینس زہرہ کے قریب ہوگا مگر اس کی روشنی بہت مدھم ہوگی۔
جہاں تک مریخ کی بات ہے تو وہ جنوبی مشرقی آسمان میں اوپر نظر آئے گا اور اس کا نارنجی ہالہ نمایاں ہوگا۔