نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے حوالے سے آنے والے ہفتوں میں قوم کو اچھی خبر سننے کو ملے گی۔
ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کویت، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے ساتھ اربوں ڈالر کے منصوبوں کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے جا رہی ہے۔
انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقتصادی پالیسی میں تسلسل کو یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے پاکستان میں متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں پر دستخط بھی کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے فیصلے ملک کے معاشی استحکام کا مظہر ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ نگران حکومت نے ریاست کے تعاون سے ڈالر اور دیگر اشیا کی سرحد پار اسمگلنگ کو کامیابی سے روکا ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
ملک کے سیاسی منظر نامے کا رخ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عام انتخابات اگلے سال 8 فروری کو ہوں گے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کے لیے انتظامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت شفاف انتخابات کو یقینی بنائے گی اور انتخابات سے متعلق سرگرمیوں کے انعقاد پر کسی سیاسی جماعت پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
سیاسی جماعتوں کو منصفانہ فیلڈ کی فراہمی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا کوئی پسندیدہ نہیں اور عوام جس سیاسی جماعت کو مینڈیٹ دیں گے وہی اگلی حکومت بنائے گی۔
بلوچستان میں لاپتہ افراد کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں جبری گمشدگیوں میں کوئی ادارہ ملوث نہیں ہے۔