اسلام آباد – جسٹس قاضی فائز عیسا نے اتوار کو ایوان صدر میں پاکستان کے 29ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لے لیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک پروقار تقریب میں نئے چیف جسٹس سے حلف لیا۔ قاضی فائز کی اہلیہ حلف برداری کے دوران اپنے شوہر کے قریب کھڑی تھیں، جو پاکستان کی عدالتی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ کسی چیف جسٹس کی اہلیہ حلف برداری کی تقریب میں اپنے شوہر کے قریب کھڑی ہوں۔
بطور چیف جسٹس جسٹس قاضی فائز کی مدت مختصر ہوگی، وہ 25 اکتوبر 2024 کو ریٹائر ہوں گے۔
حلف برداری کی تقریب میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، وفاقی وزراء، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم، ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ کے ججز، سابق چیف جسٹس، چاروں صوبوں کے گورنرز اور قانونی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
تقریب حلف برداری کے آغاز سے قبل وفاقی سیکرٹری قانون، نے جسٹس قاضی فائز کی بطور چیف جسٹس پاکستان تقرری کا صدارتی حکم نامہ پڑھ کر سنایا۔ صدر مملکت عارف علوی نے حلف نامے پر دستخط کرنے کے بعد چیف جسٹس قاضی فائز کو مبارکباد دی۔ تاہم چیف جسٹس قاضی فائز نے کوویڈ 19 پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے کسی سے ہاتھ نہیں ملایا۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے صدر عارف علوی اور وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے ساتھ مہمانوں کا باضابطہ استقبال اور ملاقات کی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چیف جسٹس قاضی فائز نے نے تقریباً 27 سال تک وکالت کی ۔ انہوں نے 30 جنوری 1985 کو بلوچستان ہائی کورٹ میں شمولیت اختیار کی اور مارچ 1998 میں سپریم کورٹ کے وکیل بن گئے۔ 3 نومبر 2007 کو پرویز مشرف کے دور میں ایمرجنسی نافذ ہونے کے بعد جسٹس قاضی نے فیصلہ کیا کہ وہ ان ججوں کے سامنے پیش نہیں ہوں گے جو عبوری آئینی حکم کے تحت حلف لے رہے ہیں۔ وہ5 اگست 2009 کو بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے۔ انہیں 5 ستمبر 2014 کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دی گئی۔