کراچی: وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے جیولری کی ایکسپورٹ کو آسان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے پاکستان سے نیم قیمتی پتھروں اور سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ کے فریم ورک پر نظر ثانی کرتے ہوئے جیولری کی ایکسپورٹ کو آسان بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کیلیے جیولری سیکٹر سے تعلق رکھنے والے 15 افراد پر مشتمل مشاورتی کونسل تشکیل دے دی گئی ہے۔
وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے مشاورتی کونسل کے قیام کا باضابط نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، یہ کونسل جیولری کی موجودہ ٹریڈ پالیسی، معیار بندی، سرٹیفیکٹ اور ویلیو ایڈیشن سے متعلق پالیسیوں کا جائزہ لیتے ہوئے ان رکاوٹوں کی نشاندہی کریگی جن کی وجہ سے جیولری کی ایکسپورٹ جمود کا شکار رہی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
کونسل جیولری کے کاروبار کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ محکموں اور وزارتوں کی سطح پر پیش آنے والے مسائل یا رکاوٹوں کے خاتمے میں متعلقہ محکموں اور وزارتوں کی ذمے داریوں کا بھی تعین کریگی۔
کونسل کابینہ سے منظور شدہ جیولری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام اور اس سیکٹر کی ریگولیشن کو خود انحصاری کے ادارہ جاتی نظم وضبط کا بھی تعین کرے گی، جیولری کے شعبہ میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کے لیے ایکشن پلان بھی تشکیل دیا جائے گا جبکہ جیولری کے ایکسپورٹ کے حقیقی استعداد کا بھی تعین کرنا کونسل کی زمہ داری ہوگی،کونسل کے چیئرمین کا تقرر پبلک سیکٹر سے بھی کیا جاسکے گا۔