نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں کراچی کے ممتاز صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں صنعتکاروں اور تاجر برادری کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ یہ ملاقات وزیر اعظم کے دورہ کراچی کے دوران صنعتکاروں اور تاجروں سے ہونے والی مشاورت کا حصہ ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عام آدمی کو فائدہ پہنچانے کے لیے صنعتوں کے لیے بجلی کے مسابقتی نرخ متعارف کرائے جائیں۔ انہوں نے وزیر خزانہ اور وزیر توانائی کو صنعتوں کے لیے گیس کی قیمتوں کے حوالے سے صنعتکاروں کی مشاورت سے ایکشن پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاہم اس سلسلے میں تاجر برادری کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور معیشت کی بحالی کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔
تاجر برادری کے وفد نے سمگلنگ، بجلی چوری کی روک تھام اور معیشت کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وفد میں چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا، چیف کوآرڈینٹر انڈسٹریل فورم محمد جاوید بلوانی، سرپرست اعلیٰ لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مسعود اسماعیل، سابق چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن سلیم پاریکھ، پیٹرن ان چیف ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن ،بن قاسم اور نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل اور دیگر شامل تھے۔