نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ محکموں کو اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وہ اسلام آباد میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت سرحدی اضلاع میں تجارت اور اسمگلنگ کے خاتمے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سرحدی اضلاع میں خصوصی اقتصادی زونز اور صنعتیں قائم کرکے متبادل باوقار روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے سرحدی علاقوں کے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے، ان کی سماجی تحفظ اور انہیں خود مختار بنانے کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اسمگلنگ کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے اور حکومت اس کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھے گی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ نگراں حکومت اپنی مدت کے آخری لمحات تک اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کرتی رہے گی۔
وزیراعظم نے این ایل سی کو چمن بارڈر پر اسکیننگ اور چیکنگ کے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں اسمگل شدہ اشیاء کی مانگ کو بھی کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں قانونی تجارت کو فروغ دیا جائے اور مکمل دستاویزات کو یقینی بنایا جائے۔