سات ترقی یافتہ ممالک کے گروپ (گروپ آف سیون) کے مالیاتی عہدیداران نے خبردار کیا ہے کہ اگر روس یوکرین کے خلاف اپنی جنگ میں جنگ بندی پر آمادہ نہیں ہوتا تو اس پر مزید پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔
کینیڈین راکی پہاڑوں میں منعقدہ اجلاس کے اختتام پر ، جہاں(گروپ آف سیون) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی جاری تھا—مالیاتی رہنماؤں نے جمعرات کی شب ایک بیان جاری کیا جس میں زور دیا گیا کہ اگر روس کی “مسلسل اور ظالمانہ جنگ” کو روکنے کی کوششیں ناکام ہوئیں تو ماسکو کو پیچھے ہٹانے کے لیے مزید اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
تین روزہ مذاکرات کے بعد جاری کیے گئے حتمی اعلامیے میں کہا گیا:
“اگر جنگ بندی پر اتفاق نہیں ہوتا تو ہم تمام ممکنہ آپشنز کا جائزہ لیتے رہیں گے، جن میں دباؤ بڑھانے کے لیے پابندیوں میں مزید اضافہ شامل ہو سکتا ہے۔”
گروپ آف سیون جس میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور ریاستہائے متحدہ شامل ہیں، نے یہ بھی عہد کیا کہ وہ ان ممالک کو یوکرین کی تعمیر نو کے فوائد حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جنہوں نے اس جنگ کی مالی معاونت کی ہے۔
کینیڈین وزیرِ خزانہ فرانسوا-فلیپ شَمپین نے اس عہد کو ایک “انتہائی اہم بیان” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ گروپ کی پوزیشن کا بنیادی ستون ہے۔









