پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 12 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد ابراہیم شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک محمد ابراہیم نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلیے پُرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔