محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اورگلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
پنجاب میں طویل انتظار کے بعد آخر کار بادل برس پڑے، لاہور، چونیاں، فاروق آباد، جھنگ، سرگودھا، میاں چنوں اور پتوکی سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
لاہورکے مختلف مقامات پر بارش ہوئی جن میں گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، مزنگ، سمن آباد، فرخ آباد، لکشمی چوک، نابھہ روڈ، فیصل ٹاؤن کے گرد و نواح کے علاقے شامل ہیں۔
دیربالا شہراور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، وادی کمراٹ، عشیری درہ اور لواری میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
لاہور میں بارش کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر واسا لاہور الرٹ ہو گیا ہے، ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ آپریشنل عملہ اور مشینری فیلڈ میں متحرک رہیں، ٹاؤن ڈائریکٹرز اپنے ٹاؤنز کی مکمل مانیٹرنگ رکھیں۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش سے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کیاہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، اس دوران چند مقامات پرژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
آج مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، فیصل آباد اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔
چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کوہاٹ، کرک، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی اور کرم میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں گرم رہنے کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کے علاوہ گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آج کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔