ڈپٹی وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار پیر سے عوامی جمہوریہ چین کا ایک اہم تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے
یہ دورہ معزز چینی وزیرِ خارجہ جناب وانگ ای کی دعوت پر عمل میں آ رہا ہے۔
دورے کے دوران دونوں وزرائے خارجہ کے مابین جنوبی ایشیا میں رونما ہونے والی حالیہ علاقائی پیش رفت اور ان کے خطے میں امن و استحکام پر ممکنہ اثرات کے تناظر میں تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔
فریقین پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے حامل علاقائی و عالمی امور پر خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے مابین جاری اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل ہے اور ہر موسم میں قائم تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا اور مؤثر بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔